نوٹ: یہ ٹکڑا 4 مارچ 2011 کو لکھا گیا اور 21 مارچ 2011 کو ’’اردو بلاگ ـ سب کا پاکستان‘‘ پر پوسٹ ہوا۔
حکومت ِ پاکستان کی بس چلانے کے لیے ڈرائیوران و کنڈیکٹران کی فوری ضرورت ہے ۔ تجربہ کار حضرات و خواتین درخواست کے حصول کے لیے بالمشافہ ملاقات کریں ۔ منتخب حضرات و خواتین کو فارم موقع پر دیا جائے گا ۔ (نوٹ: یہ فارم خفیہ دستاویز ہے جسے ملازمت کے دوران کسی بھی مرحلے پر افشا کرنے والے کو، موت سے لے کر جلاوطنی تک، کوئی بھی سزا دی جا سکتی ہے ۔)
صرف قومی یا صوبائی سطح کے ڈرائیوران و کنڈیکٹران درخواست دینے کے اہل ہیں ۔ (نوٹ: اس کا انحصار حالات پر ہے، اور قرعہ ء فال کسی چھوٹے مقامی ڈرائیور یا کنڈیکٹر کے نام بھی نکل سکتا ہے ۔) بس قانون کے مطابق یا جہاں ضرورت پڑے حکم کے مطابق چلانی ہو گی (نوٹ: قانون سے انحراف بالعموم قابل ِ معافی ہے، لیکن حکم سے انحراف سے معافی کی کوئی صورت دستیاب نہیں ۔) ۔ تعمیلی ڈرائیونگ کرنے کے ضمن میں وقتاً فوقتاً شارٹ کورسز میں شرکت لازمی ہو گی ۔
درخواست فارم کے ساتھ مندرجہ ذیل اسناد لف کریں:
- کردہ، ناکردہ، اور متوقع جرائم کی فہرست ۔
- مسافروں میں مقبولیت کے ثبوت ۔ (نوٹ: اس کا فیصلہ حالات کے مطابق کیا جائے گا ۔ مقبولیت کو نامقبولیت، اور نامقبولیت کو مقبولیت میں بدلا جا سکتا ہے ۔)
- ڈرائیوران و کنڈیکٹران کی کسی جماعت سے وفاداری یا بےوفائی کا حلف ۔ (نوٹ: بوقت ِ ضرورت نئی جماعت بنوائی جا سکتی ہے ۔)
- آنئدہ انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے کے امکانات کا کچا پکا ثبوت ۔ (نوٹ: گو کہ یہ ضروری نہیں ۔ انتخابات جتوائے یا ہروائے جا سکتے ہیں ۔ اکثریت، اقلیت میں، اور اقلیت، اکثریت میں تبدیل کی جا سکتی ہے ۔)
آئندہ انتخابات جلد متوقع ہیں ۔ درخواستیں بمعہ اسناد جلد از جلد جمع کروائی جا سکتی ہیں ۔
’’محکمہ حکومتی روڈ ٹرانسپورٹ، راولپنڈی‘‘
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں